نئی دہلی ،27؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)ملک میں ایک بار پھر کورونا وائرس نے تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے- 10 بڑی ریاستوں میں گزشتہ 30دنوں میں 2400 طلبا کورونا سے متاثر ہوئے ہیں - ان میں سب سے زیادہ 1700 طلبا مہاراشٹر کے ہیں - متاثر ہونے والے زیادہ تر طلبا یا تو خود شادی کی تقریبات میں شریک ہوئے تھے یا ان کے رشتہ دار کسی پروگرام سے واپس آئے تھے-
دوسری جانب کرناٹک کے دھارواڑ میڈیکل کالج میں جمعرات کو کورونا مثبت طلبا کی تعداد بڑھ کر 182 ہو گئی ہے- ایک دن پہلے چہارشنبہ کو یہاں میڈیکل کے 66طلبہ متاثر پائے گئے تھے- خاص بات یہ ہے کہ سبھی کو مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی تھی، یعنی کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے تھے- کالج کے ہیلتھ حکام کا کہنا تھا کہ چند روز قبل فریشر پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا، اس سے کورونا پھیلا- اسی وقت نرسنگ کالج بنگلور کے12 طلبا جمعرات کو کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں - راجستھان میں 20ستمبر سے اسکول کھولے گئے تھے- 23نومبر کو جے پور کے ایک اسکول میں 185بچوں کا کورونا ٹسٹ کیا گیا، جس میں 12 سے زیادہ مثبت آئے ہیں - گزشتہ ہفتے یہاں ایک بچہ بھی انفیکشن کی وجہ سے فوت ہوا ہے- اس سے پہلے 16نومبر کو جے پور کے ایک اسکول میں 2 بچے مثبت آئے تھے- اس کے والدین کسی شادی میں گئے ہوئے تھے- ان کی واپسی کے بعد سب متاثر ہوئے- اسکول فی الحال بند ہے- مہاراشٹر میں 4 / اکتوبر سے اسکول کھل گئے ہیں - گزشتہ 1ماہ کے اندر 1700سے زیادہ طلبا یہاں کورونا پازیٹیو آئے ہیں - روزانہ کیس 600سے 800 کے درمیان آرہے ہیں - 23نومبر کو اوڈیشہ کے سندر گڑھ ضلع میں ایک سرکاری اسکول کی 53طالبات اور سنبل پور کے ایک میڈیکل کالج کی 22طالبات متاثر پائی گئیں - متاثرہ لڑکیاں آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کی طالبات تھیں - انہوں نے حال ہی میں سالانہ تقریب میں شرکت کی-پنجاب میں 2/اگست سے اسکول کھول دیے گئے- یہاں 24نومبر کو نوودیا اسکول، مکتسر میں 14طلبا کورونا پازیٹیو پائے گئے- ان میں سے 12 طالبات تھیں - کیس سامنے آنے کے بعد اسکول بند کر دیا گیا اور متاثرہ طلبا کو الگ تھلگ کر دیا گیا-گزشتہ ایک ماہ کے اندر ہماچل پردیش کے کانگڑا ضلع میں 408طلبا کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں - متاثرہ افراد میں 50/اساتذہ بھی شامل ہیں - اس سے قبل 29/اکتوبر کو ریاست میں 65طلبا کی رپورٹ مثبت آئی تھی-